ہوناور 5 جولائی (ایس او نیوز) ہوناور کے کاسرکوڈ سمندر میں ماہی گیری کشتی ڈوبنے کے نتیجے میں کشتی پر سوار تین ماہی گیر اپنے آپ کو بچاتے ہوئے ہاتھ پیر مار کر کنارے تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے جبکہ ایک ماہی گیر سمندر میں غرق ہوکر لاپتہ ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔ حادثہ پیر صبح قریب چھ بجے پیش آیا۔
بتایا گیا ہے کہ کاسرکوڈ بیچ پر بندرگاہ کے تعمیراتی کام کے لئے بڑے بڑے پتھرڈالے گئے ہیں جس کو دیکھتے ہوئے ماہی گیروں نے قریب میں واقع ایکو بیچ سے کشتی کو اُتارتے ہوئے ماہی گیری کے لئے نکلنے کی کوشش کی تھی، مگر متعلقہ جگہ پر اونچی اُٹھتی لہروں کی زد میں آکر
کشتی غرق ہوگئی۔ کشتی پر سوار تین ماہی گیر وجئے کرستاداس فرنانڈیز (40)، شنکر تانڈیل (38) اور کامیشور تانڈیل (39) تیرتے ہوئے سمندر کنارے پہنچنے میں کامیاب ہوگئے جہاں کنارے پر موجود دیگر ماہی گیر فوری ان کی مدد کو پہنچ گئے، البتہ اُودے دامودر تانڈیل (30) سمندر میں غرق ہوکر لاپتہ ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔
اطلاع ملتے ہی ہوناور پولس اور فائر بریگیڈ کا عملہ جائے وقوع پرپہنچا اور لاپتہ ماہی گیر کی تلاش شروع کردی۔
پتہ چلا ہے کہ لاپتہ ماہی گیر اُودے شادی شدہ ہے اور اسے ایک چارسالہ بچی ہے۔